Universal News Network
The Universal News Network

لینڈ سلائیڈنگ سے میاں بیوی جاں بحق ، متعدد سیاح پھنس گئے

14

مانسہرہ: شاہراہ کاغان پر لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں ملبے تلے دب کر میاں بیوی جاں بحق ہوگئے جب کہ علاقے میں متعدد سیاح محصور ہیں۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق ملبے تلے دب کر جاں بحق ہونے والے میاں بیوی کا تعلق لیہ سے ہے جن کی لاشوں کو آبائی علاقے روانہ کردیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر مانسہرہ کے مطابق گزشتہ روز آسمانی بجلی گرنے سے 8 مقامات پر خطرناک لینڈ سلائیڈنگ ہوئی جس کے باعث شاہراہ کاغان کو بند کردیا گیا ہے انہوں نے کہا کہ شاہراہ کو کھولنے میں 4 سے 5 گھنٹے لگ سکتے ہیں تاہم سیاح بھی لینڈ سلائیڈنگ کے باعث پھنس گئے ہیں۔

ڈپٹی کمشنر نے بتایا خراب موسم کے باعث امدادی کاموں میں مشکلات کاسامنا ہے لیکن بھاری مشینری سے پہاڑی تودے ہٹانے کی کوشش کی جارہی ہے، سیاح بابو سرٹاپ سے براستہ چلاس، کوہستان سے واپس جاسکتے ہیں۔ ٹورازم پروموشن ایسوسی ایشن آف کاغان کے چیئرمین مطیع اللہ کا کہنا ہے کہ تمام مسافر محفوظ ہیں اور راستے میں موجود تمام ہوٹلز مسافروں کی خدمت میں مصروف ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وادی کاغان کے علاقے بڑوائی جل کھڈ روڈ کی صفائی کا کام این ایچ اے کی ہیوی مشینری کے ذریعے رات بھر جاری رہا ہے اور چند گھنٹوں میں روڈ کھول دیا جائے گا۔

پولیس اور محکمہ صحت کی ٹیمیں اسسٹنٹ کمشنر بالاکوٹ نواب سمیر کی سربراہی میں موقع پر موجود ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.